اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پولیس چوکی برہان میں خاتون ٹک ٹاکر کی جانب سے مبینہ فائرنگ کے واقعے پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا،
تاہم فائرنگ کے دوران ڈیوٹی پر موجود اہلکار محفوظ رہے۔پولیس کے مطابق فتح جنگ سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاکر لیبا طارق عرف گجراتن مبینہ طور پر پولیس چوکی برہان میں موجود تھی، جہاں کسی معاملے پر پولیس اہلکار سے اس کی تلخ کلامی ہوئی۔ اسی دوران خاتون کی جانب سے اہلکار پر فائرنگ کیے جانے کا الزام ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔درج ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ خاتون پولیس اہلکار کی جانب سے اپنے خلاف درج مختلف مقدمات کے حوالے سے مبینہ باتوں اور پروپیگنڈے پر ناراض تھی۔
اسی معاملے کو لے کر چوکی میں پیش آنے والے تنازع کے دوران مبینہ طور پر فائرنگ کی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد خاتون وہاں سے فرار ہوگئی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لیبا طارق کے خلاف مقدمہ درج کرلیا اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔حکام کے مطابق معاملے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے جبکہ فائرنگ کی اصل وجہ، واقعے کے حالات اور دستیاب شواہد کی بھی جانچ پڑتال جاری ہے۔



















































