اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پنجاب حکومت نے پنک سالٹ کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کرکے عالمی سطح پر برآمدات بڑھانے کے لیے 5 ارب روپے کی بلاسود قرض اسکیم کا آغاز کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنک سالٹ ویلیو ایڈیشن فنانسنگ اسکیم کا افتتاح کیا۔ منصوبے کے تحت اہل کاروباری افراد کو نمک کی پروسیسنگ، پیکنگ اور برانڈنگ کے لیے 5 کروڑ روپے تک بلاسود فنانسنگ فراہم کی جائے گی۔حکومت کی جانب سے اسکیم کے لیے مجموعی طور پر 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ قرضوں پر سود کی لاگت کی مد میں پنجاب حکومت ایک ارب 45 کروڑ 60 لاکھ روپے ادا کرے گی۔افتتاحی تقریب میں مریم نواز نے 10 کاروباری افراد میں قرضوں کے چیک تقسیم کیے اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں، نئے کاروباری افراد اور اسٹارٹ اپس کو بھی اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ قائدآباد میں 110 ایکڑ رقبے پر پنک سالٹ پروسیسنگ زون قائم کرنے کا منصوبہ ہے، جہاں تقریباً 200 ویلیو ایڈیشن یونٹس لگائے جائیں گے۔
حکومت کے مطابق مجوزہ صنعتی زون کے قیام سے 10 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ نمک کی پروسیسنگ، پیکیجنگ اور برانڈنگ سے متعلق کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ بہتر پروسیسنگ اور عالمی معیار کی برانڈنگ کے ذریعے پنک سالٹ کی سالانہ برآمدات میں 300 ملین ڈالر تک اضافے کی گنجائش موجود ہے۔ حکام نے واضح کیا کہ یہ ایک متوقع ہدف ہے، اسے موجودہ برآمدی آمدن نہیں سمجھا جائے گا۔مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی پنک سالٹ کو ملکی شناخت کے ساتھ بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ مقامی کاروباری افراد خام نمک برآمد کرنے کے بجائے تیار اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی فروخت سے زیادہ معاشی فائدہ حاصل کرسکیں۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو مزید کاروباری افراد کو اسکیم میں شامل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ درخواست دینے کے خواہشمند افراد کو قرض کے حصول سے قبل اہلیت، مطلوبہ دستاویزات، واپسی کی شرائط اور درخواست جمع کرانے کے طریقہ کار سے متعلق معلومات سرکاری ذرائع سے ضرور چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔



















































