اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام کو ہدایت کی ہے کہ نامکمل، غیر قانونی یا غیرمصدقہ سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو بیرون ملک روانگی کی اجازت نہ دی جائے۔
محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کرتے ہوئے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کی جانچ پڑتال اور امیگریشن کے عمل کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے مختلف مسافروں سے براہ راست گفتگو کی اور امیگریشن کے مراحل، انہیں درپیش مشکلات اور ایئرپورٹ پر فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
وفاقی وزیر نے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات بھی موقع پر خود دیکھیں اور متعلقہ حکام سے ان کی فوری تصدیق کروائی۔ انہوں نے امیگریشن عملے کو ہدایت کی کہ دستاویزات کی جانچ کے عمل میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے۔
محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر امیگریشن انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاؤنٹرز پر اضافی اہلکاروں کی تعیناتی سے مسافروں کی طویل قطاروں میں کمی آئی ہے، جس کے نتیجے میں امیگریشن کا عمل پہلے کی نسبت زیادہ سہل ہوگیا ہے۔
وزیر داخلہ نے امیگریشن ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایئرپورٹ امیگریشن شہزاد اکبر کی کاوشوں کی بھی خصوصی طور پر تعریف کی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ امیگریشن کے دوران مسافروں کو ممکنہ حد تک سہولت فراہم کی جائے اور ان کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں تاکہ انہیں غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محسن نقوی نے واضح ہدایت جاری کی کہ **نامکمل یا غیر قانونی سفری دستاویزات رکھنے والے افراد کو کسی صورت سفر کی اجازت نہ دی جائے** اور بیرون ملک روانگی سے قبل دستاویزات کی مکمل جانچ اور تصدیق یقینی بنائی جائے۔



















































