راولپنڈی(این این آئی)کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سلمان غنی میں کی زیر صدارت آرڈی اے میں اجلاس منعقد ہوا جس میں لینڈ یوز، غیر قانونی ہاسنگ سکیموں اور جاری انفورسمنٹ کارروائیوں سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ افسران کو آر ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقے میں لینڈ یوز کی موثر مانیٹرنگ اور مناسب ریگولیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں، غیر مجاز ڈویلپمنٹ اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف مروجہ قوانین و ضوابط کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے آر ڈی اے کے افسران و اہلکاروں کو متعلقہ سائٹس اور ڈویلپمنٹ سرگرمیوں کی جیو ٹیگنگ کے عمل کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی، تاکہ مانیٹرنگ، تصدیق اور شفافیت کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو لینڈ یوز، ہائوسنگ سکیموں اور ڈویلپمنٹ سرگرمیوں سے متعلق سرکاری ریکارڈ کی مکمل جانچ پڑتال اور تصدیق کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ریکارڈ باقاعدگی سے مرتب، اپ ڈیٹ اور تصدیق شدہ رکھا جائے، جبکہ جہاں بھی خلاف ورزی، ریکارڈ میں تضاد یا غیر مجاز سرگرمی سامنے آئے وہاں بروقت کارروائی یقینی بنائی جائے۔
کمشنر راولپنڈی نے متعلقہ افسران کو منظور شدہ اور غیر منظور شدہ ہائوسنگ سکیموں کی صورتحال کا باقاعدگی سے جائزہ لینے اور مروجہ قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کسی بھی غیر مجاز ڈویلپمنٹ یا مارکیٹنگ سرگرمی کی اجازت نہ دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خلاف ورزیوں کے خلاف فوری کارروائی پر زور دیتے ہوئے انفورسمنٹ اقدامات کی مناسب دستاویز بندی اور فالو اپ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ درست اور اپ ڈیٹ ریکارڈ، موثر فیلڈ مانیٹرنگ، جیو ٹیگنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ڈویلپمنٹ سرگرمیوں کی بہتر نگرانی اور انتظام کے ساتھ ساتھ خلاف ورزیوں کے خلاف بروقت کارروائی میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے مسعود احمد بخاری، چیف پلانر آر ڈی اے، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن، ڈائریکٹر انجینئرنگ، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ، ڈائریکٹر فنانس اور دیگر سینئر افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔



















































