کراچی (نیوز ڈیسک)کراچی کے شہریوں کے لیے مختلف سرکاری خدمات ایک ہی مقام پر فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے، وفاقی وزارت داخلہ کے زیر انتظام ملک کا سب سے بڑا ’’گرینڈ خدمت مرکز‘‘ کراچی میں قائم کیا جائے گا۔
اس مرکز میں شہریوں کو پاسپورٹ، قومی شناختی کارڈ، نادرا ڈائریکٹ، اسلحہ لائسنس اور این او سیز سمیت وزارت داخلہ سے متعلق متعدد اہم سہولیات ایک ہی چھت تلے دستیاب ہوں گی۔
گرینڈ خدمت مرکز کے قیام کا فیصلہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے آئی آئی چندریگر روڈ پر واقع وزارت داخلہ کے دفتر کے دورے کے دوران کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے اس منصوبے کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی کے مطابق نئے مرکز میں وزارت داخلہ کے ماتحت مختلف اداروں کے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے، جس سے شہریوں کو الگ الگ دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے ایک ہی مقام پر متعلقہ خدمات حاصل کرنے کی سہولت ملے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ نے آئندہ 10 روز کے اندر گرینڈ خدمت مرکز کا تفصیلی ماسٹر پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تیاری کے دوران شہریوں کی ضروریات اور جدید سہولیات کے تقاضوں کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو مرکز کے قیام کے لیے تمام انتظامی اور تکنیکی مراحل جلد مکمل کرنے کے احکامات بھی دیے ہیں، تاکہ کراچی میں جدید طرز کے اس خدمت مرکز کو جلد فعال کیا جاسکے۔



















































