اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بیرون ملک روزگار کے لیے ’’آزاد ویزا‘‘ پر سفر کرنے والے افراد کو مختلف قانونی، مالی اور ملازمت سے متعلق مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے،
جس کے پیش نظر مائیگرینٹ ریسورس سینٹر نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مائیگرینٹ ریسورس سینٹر کے مطابق آزاد ویزا کے ذریعے بیرون ملک جانے کی صورت میں قانونی تحفظ محدود ہوسکتا ہے جبکہ گرفتاری، جرمانے، ملک بدری، مالی نقصان اور استحصال جیسے خطرات بھی پیدا ہوسکتے ہیں۔
ادارے کے مطابق ایسے افراد کو پاکستان کے قانونی امیگرنٹ پروٹیکشن نظام اور دستیاب دیگر حقوق و تحفظات سے بھی محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مائیگرینٹ ریسورس سینٹر کا کہنا ہے کہ آزاد ویزا پر کام کرنے والے افراد کے لیے تنخواہ اور دیگر ملازمت کے حقوق کا قانونی تحفظ حاصل کرنا مشکل ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایجنٹ یا آجر کی جانب سے دھوکا دہی اور استحصال کا خدشہ بھی موجود رہتا ہے۔
رہنمائی میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص متعلقہ ملک کے قوانین کے برخلاف ملازمت کرتا پایا جائے تو اسے قانونی کارروائی، جرمانے یا ملک بدری جیسے اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
مائیگرینٹ ریسورس سینٹر نے بیرون ملک روانگی سے قبل شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ویزا، ملازمت، معاہدے اور دیگر قانونی تقاضوں کی مکمل جانچ پڑتال ضرور کریں تاکہ بعد میں کسی مشکل سے بچا جاسکے۔
محفوظ اور قانونی طریقے سے بیرون ملک ہجرت سے متعلق مفت معلومات اور رہنمائی کے لیے مائیگرینٹ ریسورس سینٹر سے 0306-9191910 اور 0300-0116671 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔



















































