اسلام آباد (نیوز ڈیسک): انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں اپنی فارم بہتر بنانے کے لیے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
بابر اعظم جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں اوئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی ٹیم کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر کھیلتے دکھائی دیں گے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں فرسٹ کلاس میچز میں شرکت کا موقع دیا جائے تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کے لیے اپنی فارم، ردھم اور طویل اننگز کھیلنے کی صلاحیت کو بہتر بنایا جاسکے۔ پی سی بی نے ان کی درخواست پر او جی ڈی سی ایل کے ساتھ انتظامات مکمل کیے۔
بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی گزشتہ کچھ عرصے سے زیر بحث رہی ہے۔ وہ دسمبر 2022 کے بعد اس فارمیٹ میں کوئی سنچری اسکور نہیں کرسکے۔ 2023 سے اب تک 39 ٹیسٹ اننگز میں ان کی بیٹنگ اوسط 30.43 رہی جبکہ اس دوران ان کے حصے میں صرف 8 نصف سنچریاں آئیں۔
قومی بیٹر کی آخری ٹیسٹ سنچری دسمبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں بنائی گئی تھی، جہاں انہوں نے 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
سابق پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے بھی بابر اعظم کی بیٹنگ تکنیک پر تبصرے سامنے آتے رہے ہیں، جبکہ شارٹ پچ گیندوں کے خلاف ان کی مشکلات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
سات سال بعد فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی
بابر اعظم تقریباً سات برس کے وقفے کے بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک مرتبہ پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ انہوں نے آخری بار 2019 میں فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا۔
2019 میں بابر اعظم نے سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے قائداعظم ٹرافی جیتنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اب ایک بار پھر فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی شرکت کو ٹیسٹ فارمیٹ کی تیاری کے تناظر میں اہم قرار دیا جارہا ہے۔
دوسری جانب او جی ڈی سی ایل کے لیے بابر اعظم کی شمولیت کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال بھی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس مقابلوں میں بطور گیسٹ پلیئر ایم آئی ٹی ایس کی نمائندگی کررہے ہیں۔



















































