اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایپل رواں سال ستمبر میں آئی فون کی نئی نسل متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے،
تاہم رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتیں گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ ہونے کا امکان ہے۔بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ایپل اپنے نئے فلیگ شپ فونز کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر غور کر رہا ہے۔ امکان ہے کہ ستمبر میں آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ نئی پرو سیریز گزشتہ سال کے آئی فون 17 پرو ماڈلز کے مقابلے میں مہنگی ہوسکتی ہے۔ اس کے برعکس ایپل نے گزشتہ برس آئی فون 17 سیریز متعارف کراتے وقت قیمتوں میں اضافے سے گریز کیا تھا۔ذرائع کے مطابق کمپنی دیگر اسمارٹ فون ساز اداروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کا بوجھ صارفین کو منتقل کرنے کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔ ایپل بھی پرزہ جات، بالخصوص ریم اور دیگر چپس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اسی نوعیت کا فیصلہ کرسکتا ہے۔
ابھی تک نئے آئی فونز کی حتمی قیمت سامنے نہیں آئی، تاہم اندازہ ہے کہ آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت میں تقریباً 100 ڈالر کا اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ اس صورت میں اس کی قیمت 1099 ڈالر کے بجائے تقریباً 1199 ڈالر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔دوسری جانب رواں سال ایپل کی جانب سے اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون 18 ایئر متعارف نہ کرائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ مختلف لیکس اور رپورٹس کے مطابق ان دونوں ماڈلز کو ممکنہ طور پر 2027 کے آغاز میں پیش کیا جائے گا۔



















































