اوکاڑہ(نیوز ڈیسک)این اے 144 کے ضمنی انتخاب سے آزاد امیدوار کے طور پر کامیاب ہونے والے ریاض الحق جج نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔ اوکاڑہ این اے 144 کے ضمنی انتخاب سے آزاد امیدوار ریاض الحق جج کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات میں تمام معاملات طے پاگئے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاض الحق جج نے کہا کہ ووٹرز اور علاقے کے بزرگوں نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا مشورہ دیا اس لیے حلقے کے عوام کی بہتری اور علاقہ کی ترقی کیلئے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بننے سے پہلے سے ہی (ن) لیگی ہوں، میرے دادا قائد اعظم کے ساتھی تھے جب کہ مسلم لیگ (ن) میرے خون میں شامل ہے۔واضح رہے ریاض الحق جج کو اس سے قبل تحریک انصاف کے رہنما چوہدری سرور بھی ملاقات کرکے شمولیت کی دعوت دے چکے ہیں۔