ؒلاہور/رائے ونڈ(نیوزڈیسک)سندر انڈسٹری اسٹیٹ میں پولی تھین بیگ بنانے والی فیکٹری زمین بوس ہونے کی میڈیا میں خبرآتے ہی فیکٹری میں کام کرنے والوں کے اہل خانہ اور عزیز اقارب اپنے پیاروں کی تلاش میں دیوانہ وار گھروں سے نکل پڑے اور اس موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ عینی شاہدین کے مطابق فیکٹری میں رائیونڈ سمیت اطراف کے علاقوں اور دوسرے شہروں سے آئے ہوئے مزدور بھی کام کرتے تھے ۔ جونہی سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں فیکٹری کے زمین بوس ہونے کی میڈیا میں اطلاعات آئیں تو فیکٹری میں کام کرنے والوں کے اہل خانہ اور عزیز وا قارب روتے پیٹتے دیوانہ وار ان کی تلاش میںنکل پڑے جو سارے راستے اپنے پیاروں کے موبائل فونز پر رابطے کرتے رہے اورجواب نہ ملنے پر دھاڑیں مار مار کر روتے جس سے انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔دوسرے شہروں سے آئے ہوئے مزدوروں کے اہل خانہ اپنے پیاروں اور فیکٹری انتظامیہ سے رابطہ نہ ہونے پر شدید پریشانی سے دوچار ہوئے اور کئی اپنے پیاروں کی خیریت جاننے کے لئے لاہور پہنچ گئے ۔