لاہور(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پارٹی کے ہر سطح کے رہنماﺅں کو بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں سامنے آنے والی گروپ بندی فوری ختم کرنے کے احکاما ت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمل نہ کرنے والے رہنماﺅں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کی قیادت کا کہنا ہے کہ گروپ بندی کے حوالے سے میڈیا میں خبروں سے اچھا تاثر قائم نہیں ہو رہا اس لئے ہر سطح کے رہنما پہلے مرحلے میں سامنے آنے والی گروپ بندی کو فوری ختم کرکے صرف پارٹی منشور کے مطابق کام کریں اور بلدیاتی انتخابات کے آئندہ کے مراحل میں بھرپور کامیابی کے لئے متحد ہو کر سرگرمیاں شروع کی جائیں۔ قیادت نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے نتائج پر اطمینان کااظہار کیا ہے تاہم بعض مقامات پر غیر متوقع نتائج آنے پر مقامی قیادت کو اس حوالے سے چھان بین کر کے رپورٹ جمع کرانے کے بھی احکامات دئیے ہیں۔