لاہور(نیوز ڈیسک) چینی لڑکی ڈولی کی پاکستانی نوجوان سے محبت کی کہانی میں نیا موڑ آ گیا ہے۔ ڈولی کا پاکستانی محبوب امین محبت سے ہی مکر گیا۔ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے امین جتوئی نے کہا کہ ڈولی سے دوستی تھی محبت نہیں‘ اب وہ بدنام کرنے کے لیے الزامات لگا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق چینی دوشیزہ ڈولی نے پاکستان میں ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ ڈولی کا کہنا ہے کہ امین جتوئی نے شادی کا وعدہ کیا تھا اب پورا تو کرنا ہی ہو گا۔ نجی ٹی وی اس کہانی کے دوسرے فریق امین جتوئی کا موقف بھی سامنے لے آیا جو چین میں ہی مقیم ہے جس کے بعد معاملہ نیا رخ اختیا ر کر گیا جبکہ ڈولی نے چین واپس جانے سے انکار کر دیا۔ چینی لڑکی ڈولی کہتی ہے اس کی پاکستانی امین جتوئی سے چین میں ہی دوستی ہوئی جو محبت میں تبدیل ہو گئی۔ مظفر گڑھ کے امین جتوئی نے شادی کا وعدہ کیا جو پورا نہ ہوا جس کی وجہ سے پیچھے پیچھے چلی آئی۔ نجی ٹی وی نے ڈولی کے پاکستانی دوست کو ڈھونڈ نکالا جو چین میں ہی مقیم ہے۔ امین جتوئی نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ ڈولی اچھی دوست تھی مگر سنجیدہ ہو گئی‘ نظرانداز کیا تو پاکستان چلی گئی‘ اب تنگ کر رہی ہے۔ امین جتوئی نے کسی قسم کے مالی معاملات اور جائیداد فروخت کرنے کے ڈولی کے دعوے کی تردید کر دی اور کہا کہ ڈولی بدنام کر رہی ہے‘ اس کے سوا کچھ نہیں۔ دوسری جانب ڈولی کہتی ہے امین کی خاطر سب کچھ لٹا کر پاکستان آئی جبکہ وہ چینی سفارتخانے جانے کو بھی تیار نہیں۔ اب یہ اندھی محبت کا معاملہ ہے یا کہانی کا ڈراپ سین ہے کچھ اور مگر ڈولی بضد ہے وہ شادی کئے بغیر نہیں جائے گی۔