سلام آباد(نیوزڈیسک) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کے بعد پارٹی قیادت موجودہ حکمت عملی تبدیل کرنے اور پارٹی کی تنظیم میں تبدیلیاں لانے کیلئے دباؤ بڑھ گیا ہے۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پنجاب اور سندھ میں پارٹی کی بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد دونوں صوبوں خاص طور پر پنجاب میں قیادت اور حکمت عملی بدلنے کیلئے جلد اجلاس طلب کیا جائیگا۔ بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد پی ٹی آئی لاہور کے شفقت محمود اپنے عہدہ سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شفقت محمود کے بعد تحریک انصاف کو پنجاب میں کئی دوسرے چہرے بھی بدلنا پڑیں گے۔ اس ضمن میں پارٹی کا اجلاس اگلے چند روز میں متوقع ہے۔ اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق عمران خان نے پنجاب کے بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں اپنی جماعت کی ناقص کارکردگی کا شدید نوٹس لیا ہے، اس حوالے سے چوہدری سرور اور شاہ محمود قریشی سے ایک ہفتے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ اس الیکشن میں لاہور اور لودھراں میں پی ٹی آئی کو پہنچنے والے دھچکے کے بارے میں وہ ان تمام پارٹی رہنمائوں سے جواب بھی طلب کریں گے جو پنجاب میں پارٹی کے امور چلا رہے تھے ۔این این آئی‘ آئی این پی کے مطابق تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے خصوصاً پنجاب اور لاہور کے نتائج کے بعد فیصلہ سازی کے تمام معاملات کو براہ راست اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔بعض پارٹی رہنمائوں کی ذمہ داریوں میں بھی تبدیلی کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے جس کیلئے ہوم ورک شروع کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پنجاب خصوصاً لاہور سے اپنے حق میں نتائج کی امیدیں لگائے بیٹھی تھی تاہم غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج نے پی ٹی آئی کی صفوں میں بے چینی کی لہر دوڑا دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق نتائج یقیناعمران خان کیلئے بھی پریشانی کا باعث ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے آنے والے دنوں میں اہم اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حالیہ انتخابی نتائج کے حوالے سے رواں ہفتے میںپارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان ہے جس میں عمران خان ذمہ داروں سے نتائج بارے پوچھ گچھ کریں گے ۔ دریں اثنا حالیہ انتخابی نتائج کے حوالے سے رواں ہفتے میں پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان ہے جس میں عمران خان ذمہ داروں سے نتائج کے بارے میں پوچھ گچھ کریں گے۔ دریں اثناء تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ عمران خان کی علیحدگی کا فیصلہ سیاسی نہیں تھا، الیکشن کے نتائج کا علیحدگی کے فیصلے سے تعلق نہیں، قیاس آرائیں نہ کی جائیں، نتائج ہمارے لئے غیرمتوقع نہیں، ضمانت دیتا ہوں کہ صدارتی نظام ہو تو عمران خان نہیں ہار سکتے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے پنجاب میں بلدیاتی نمائندوں کی تعداد پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔ تحریک انصاف نے بلدیاتی اداروں اور نمائندگی کی بالادستی کیلئے آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی نمائندے اختیارات سے محروم ہیں۔ عوامی نمائندے مالی اور انتظامی اختیارات سے محروم رہیں گے۔ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران ہونیوالا قتل و غارت وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کو کیوں نظر نہیں آئی۔ دریں اثنا عمران خان نے کہا ہے کہ تبدیلی کی جنگ جاری رہے گی، ہم ملک کو کرپشن اور لوٹ مار کے نظام سے نجات دلانا چاہتے ہیں۔ حکمرانوں سے کسی قسم کے خیر کی توقع نہیں جاسکتی ‘نااہل اور کر پٹ حکمران عوامی مسائل حل کر نے میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں۔پٹر ولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظالمانہ اقدام ہے ۔ پٹر ولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پارٹی راہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحر یک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے عام انتخابات کی مہم کے دوران قوم کو مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلانے کے وعدے کیے مگر آئے روز مہنگائی میں اضافے سے غر یب خودکشیاں کر نے پر مجبور ہیں ۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلدیاتی الیکشن میں بڑی بدنظمی اور جھگڑے دیکھے۔ پہلے مرحلے میں ہی انسانی اموات پر بہت افسوس ہوا۔ پولیس اور انتظامیہ کو استعمال کیا گیا، فوٹیج موجود ہے کہ بچوںسے ووٹ ڈلوائے گئے۔ الیکشن کمشن اپنے انتظامات بہتر کرے۔ فیصل آباد میں ہمارے معصوم کارکن قتل کیا گیا، ملزم کوئی بھی ہو قانون کی گرفت میں آنا چاہئے ہمیں کسی کی نجی زندگی میں مداخلت نہیں کرنی چاہئے۔