ملتان(نیوز ڈیسک)مقامی اخبار کے زیر اہتمام ”قومی زرعی کانفرنس“ کے شرکا نے کہا ہے کہ زراعت کی ترقی میں ہی ملکی ترقی چھپی ہوئی ہے۔ حاجی سکندر حیات بوسن نے کہا ہے کہ زرعی اجناس و فروٹ کی کوالٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا جب تک میں وزیر ہوں کوالٹی پر پہلے سے زیادہ سختی کروں گا، اس پر چاہے کوئی ناراض بھی ہوجائے، مجھے فکر نہیں، 18 ویں ترمیم کے بعد زراعت کے معاملات صوبوں کو دیئے گئے مگر صوبوں نے زراعت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ زرعی پیکیج کاشتکاروں کے لئے انقلابی آغاز ہے۔فارمرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین و نیشنل آرگنائزر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ زرعی پیکیج ایک بیل آو¿ٹ پیکیج ہے لیکن اس پر کتنی شفافیت سے عملدرآمد ہوگا کچھ نہیں کہہ سکتے، یہ پیکیج صرف عارضی آکسیجن ہے، ہمیں مستقل حل کی طرف جانا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ گندم، کپاس، گنا، چاول و دیگر فصلیں سرپلس ہونگی تو ہماری ایکسپورٹ بڑھے گی۔ سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ زراعت ہمارے ملک کے قرضے اتار سکتی ہے لیکن بدقسمتی سے ہم زراعت میں جدت پیدا نہیں کی، ہمارے پاس لاکھوں ایکڑ زمین موجود لیکن پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ کالا باغ ڈیم جیسے بڑے آبی ذخائر بنا کر اس اہم مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ سابق صوبائی وزیر ممتاز خان منہیس نے کہا کہ کاشتکاروں کے مسائل 70 برس کے ہیں، آج نیشنل سیکیورٹی دراصل فوڈ سیکیورٹی سے جڑ چکی ہے، سولر انرجی سے کسانوں کی مشکل کو حل کیا جا سکتا ہے۔ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر فرید مغیث شیخ نے کہا کہ یہ کانفرنس اپنی نوعیت کی اہم ترین کانفرنس ہے جو خاص طور پر اس خطے کی کاروباری برادری کو زراعت سے متعلق مفید معلومات فراہم کرنے کے لیے منعقد کی گئی، ایکسپریس میڈیا گروپ کی خدمات کو سراہتا ہوں۔ پاکستان کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے کہا کہ دنیا فیوچر مارکیٹنگ کی طرف بڑھ رہی ہے مگر ہمارے پاس گزشتہ 2 سال کا چاول اسٹاک میں ہے۔زاہد حسین گردیزی، کسان رہنما اسد عباس شاہ، ایوان تجارت ملتان کے سینئر نائب صدر میجر (ر) طارق خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان اشتیاق رجوانہ، ایگزیکٹو ممبر پاکستان ویٹرنری میڈیکل کونسل ڈاکٹر وسیم رفیق، ڈائریکٹر سینٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان سید ساجد منصور شاہ، زرعی سائنسدان ڈاکٹر منیر الدین، ڈائریکٹر ریسرچ ملتان ریسرچر ڈاکٹر حمیداللہ، کسان بورڈ کے مرکزی رہنما فیاض الحسن بھٹہ نے بھی کانفرنس سے خطاب کیا جبکہ ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت شفقت حسین بھٹی، ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت حاجی نصیر احمد، پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف اگر انومی ڈاکٹر ناظم حسین لابر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات ملتان ریجن نوید عصمت کاہلوں، اسسٹنٹ ہارٹیکلچر آفیسر سید فیاض حسین شاہ، وٹرنری آفیسر ڈاکٹر ماجد اقبال کلو، محمد مسعود نے بھی شرکت کی۔