فیصل آباد(آن لائن) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے حامیوں نے وزیر مملکت عابد شیر علی کا گھیرائو کرکے انہیں دھکے دیئے ، اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے دونوں دھڑوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کی ۔ آن لائن کے مطابق وزیر مملکت عابد شیر علی اپنے بڑے بھائی عامر شیر علی سابق میئر میونسپل کارپوریشن کے حلقہ یو سی 116میں پولنگ سٹیشن کے باہر پہنچے کہ اس دوران صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے کارکنوں نے ان کی گاڑی کو روک کر انہیں برا بھلا کہنا شروع کردیا ۔ صوبائی وزیر قانون کے حامیوں نے انہیں گھیرے میں لے کر تشدد کرنا چاہا مگر اس دوران پولیس ، رینجرز ، ڈی سی او ، سی پی او اور دیگر افسران ڈچکوٹ روڈ پر پہنچ گئے انہوں نے عابد شیر علی کو باحفاظت وہاں سے ان کی رہائش گاہ پر پہنچایا مگر رانا ثناء اللہ اور عابد شیر علی کے حامی آمنے سامنے ہوکر ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے عابد شیر علی کے بڑے بھائی عامر شیر علی اس یونین کونسل سے میئر گروپ کی طرف سے بالٹی کے نشان پر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے حامیوں کا کہنا تھا کہ میئر گروپ کی طرف سے دھاندلی کی گئی ہے اور وزیر مملکت عابد شیر علی نے اپنے بھائی کو جتوانے کیلئے غیر قانونی حربہ استعمال کئے ہیں چنانچہ آج کے واقعہ کے بعد ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل عابد شیر علی کو آکر اپنے ہمراہ لے گئے دریں اثناء آن لائن کے مطابق فیصل آباد کے علاقہ غلام محمد آباد جہاں مسلم لیگ (ن) کے حاجی محمد اکرم انصاری جو پانچویں مرتبہ ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں اس حلقہ کی یونین کونسل سے پی ٹی آئی کے چیئرمین کے امیدوار محمد سلیم ببی انصاری پانچ سو ووٹ کی اکثریت سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو شکست دے چکے ہیں