لاہو(نیوزڈیسک).خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں پنجاب سب سے زیادہ پُرامن رہا۔ خیبر پختونخوا میں 30مئی کو پولنگ کے دن 22افراد جاں بحق ہوئے تھے ، اب سندھ میں 12افرادجاں بحق ہوئے ہیں، پنجاب میں سبھی کی جان محفوظ رہی۔2015 خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات 30مئی کو ہوئے۔ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ 31اکتوبر کو ہوا۔ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے انتخابی عمل کا جائزہ لیا جائے تو پنجاب کے 12 اضلاع کی آبادی 4کروڑ جبکہ پورے خیبر پختونخوا کی آبادی ڈھائی کروڑ ہے۔بلدیاتی انتخابات کے اس کٹھن مرحلے میں پولنگ کے دن خیبر پختونخوا میں 22 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ پنجاب کے پہلے مرحلے کے انتخاب میں ہلاکت کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا تاہم انتخابی مہم کے دوران لاہور میں پی ٹی آئی کے 2 کارکن ہلاک ہوئے تھے۔پولنگ کے دن خیبر پختونخوا میں کئی واقعات میں 215 افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ پنجاب میں40 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ قانون کی عمل داری میں رکاوٹ بننے والوں کے خلاف پنجاب میں سخت کارروائیاں دیکھنے میں آئیں۔ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے مطابق غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور قانون توڑنے کے جرم میں پنجاب میں 35 ایف آئی آرز درج ہوئی ہیں، 100سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ فافن کے ڈیٹا کے مطابق خیبر پختونخوا میں 106پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ روکی گئی تھی اورخواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے کے 80واقعات ہوئے تھے۔