لاہور(نیوزڈیسک)لاہور میں بلدیاتی پولنگ کے دوران خواجہ سراء بھی شناختی کارڈ لیے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچ گئے، مخصوص اداؤں اور انداز کے ساتھ سیدھے خواتین کے پولنگ اسٹیشنوں پرگئے اور اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ بڑی مشکلوں سے خواجہ سراؤں کو ووٹ ڈالنے کا حق جب مل ہی گیا تو اپنا یہ حق بھلا کیوں استعمال نہ کرتے ،خوب سجے سنورے اور اٹھلاتے لہراتے پہنچے پولنگ اسٹیشن پر۔ خواجہ سراء خواتین کے پولنگ اسٹیشن پہنچے اور خواتین کی لائن میں جا لگے ،پولنگ آفیسر نے ووٹر لسٹوں میں ناموں کی تصدیق کے بعد بیلٹ پیپر جاری کر دئیے،بالآخر خواجہ سراؤں نے اپنا ووٹ ڈال ہی لیا۔ پریزائیڈنگ آفیسر خواجہ سراؤں کے ڈسپلن پر حیران بھی اور خوش بھی ہوئے۔ ووٹ کا حق ملنے پر خواجہ سراء خوشی سے پھولے نہیں سما رہے،کہتے ہیں کہ باقی حق بھی مل جائیں تو ملک وقوم کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔