جیکب آباد(نیوز ڈیسک)سندھ کے ضلع جیکب آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے جاری پولنگ کے دوران سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں کم ازکم تین افراد زخمی ہوگئے ۔اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جیکب آباد کے شہری علاقے میں واقع عبدالرزاق عیسانی پولنگ اسٹیشن کے باہر پیش آیا۔ دونوں جماعتوں کے درمیان کسی بات پر تنازع چل رہا تھا جو دیکھتے ہی دیکھتے مسلح تصادم کی صورت اختیار کرگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنیوالے ملزمان کو گرفتار کرلیاگیا ہے جب کہ زخمیوں کو فوری علاج کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کردیاگیاہے ۔ واضح رہے کہ آج صوبہ سندھ کے اضلاع آٹھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے پولنگ جاری ہے جو کہ شام پانچ بجے اختتام پذیر ہوگی ۔