پشاور(آن لائن)وزیر اعظم نواز شریف نے زلزلہ متاثرین کیلئے ایک ارب روپے سے زائد کا امدادی پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی تصدیق اور امداد کی تقسیم میں شفافیت کے لیے حکومت ،فوج اور مقامی نمائندوں پر مشتمل 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ،امدادی رقوم کی فراہمی کا عمل پیر سے جمعرات تک مکمل کیا جائیگا ، زلزلہ سے جاں بحق افراد کو فی کس 6 لاکھ اور زخمیوں کو فی کس ایک لاکھ روپے امدادی دی جائے گی ،اعضاءسے محروم افراد کو فی کس 2 لاکھ جبکہ مکمل تباہ ہونے والے گھروں کی تعمیر کیلئے فی گھرانہ2 لاکھروپے دیئے جائیں گے ،وزیر اعظم نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے تمام اقدامات کی نگرانی خود کروں گا ،زلزلہ متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ،متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں بہتر انداز میں انجام دینے پر جنرل راحیل شریف اور وزیراعلیٰ پرویز خٹک کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔بدھ کے روز وزیر اعظم نوازشریف گورنر ہاﺅس پہنچے اور زلزلہ متاثرین کی بحالی اور امدادی پیکج کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں گورنر سردار مہتاب خان عباسی ،وزیراعلیٰ پرویزخٹک ،زلزلہ متاثرین کی امددی اداروں کے سربراہان، صوبائی و عسکری حکام نے شرکت کی ،اجلاس میں زلزلہ سے جاں بحق افراد کی بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی ،چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیر اعظم کو صوبے میں زلزلہ سے جاں بحق ،زخمیوں اور امدادی سرگرمیاں سمیت نقصانات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ،چیئرمین ای ڈی ایم اے نے بتایا کہ گزشتہ روز آنے والے زلزلہ سے خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جس میں 208 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کیلئے صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے