اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نواز شریف زلزلے کے بعد کی صورتحال پر جائزہ اجلاس کے بعد زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر شانگلہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ زلزلہ متاثرین سے ملاقات کریں گے۔ قبل ازیں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زلزلے سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل استعمال کئے جائیں گے اور ان افراد کیلئے جلد پیکیج کا اعلان بھی کر دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں زلزلے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیراطلاعات پرویز رشید، گورنرخیبرپختونخوا سردار مہتاب، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، ڈی جی ملٹری آپریشن میجر جنرل ساحر شمشاد، ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر کہنا تھا کہ زلزلہ متاثرین کی بحالی اور امداد کیلئے پوری صلاحیت رکھتے ہیں ، متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے تمام تر وسائل استعمال کئے جائیں گے اور حکومت زلزلہ متاثرین کیلئے جلد پیکیج کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی امداد کیلئے صوبائی حکومتوں کو ہر ممکن امداد فراہم کریں گے اور صوبائی حکومتیں متاثرین کی امداد کیلئے ہر ممکن اقدام کو یقینی بنائیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف جائزہ اجلاس ختم ہونے کے بعد زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر شانگلہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کیساتھ ساتھ زلزلہ متاثرین کے ساتھ ملاقات بھی کیرں گے۔ رپورٹ کے مطابق گورنر کے پی کے سردار مہتاب عباسی، وزیراطلاعات پرویز رشید اور چیئرمین این ڈی ایم اے بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔