اسلام آباد(نیوز ڈیسک )ایپل کمپنی نے آئی فون کے اسکرین کو چٹخنے اور ٹوٹنے سے محفوظ رکھنے کے لیے گاڑیوں کے ایئربیگ کی طرح بمپر ایجاد کیا ہے جس کے باعث فون گرتے ہی سرگرم ہوجائے گا اوراسکرین ٹوٹنے سے محفوظ رہے گا۔ایپل کی اس نئی ایجاد کو ”ایکٹو اسکرین پروٹیکشن فور الیکٹرانک ڈیوائس“ کا نام دیا گیا ہے جس میں ڈسپلے کے نیچے چاروں کونوں میں یہ بمپر نصب ہوں گے اور فون جیسے ہی گرنے لگے گا انہیں احساس ہوجائے گا اور وہ پھیل کر اسکرین پر لگنے والی چوٹ کی قوت جذب کرکے اسکرین ٹوٹنے سے بچائیں گے۔بمپر موٹرسائیکل کے جمپ یا شاک آبزبرکی طرح کام کرتے ہیں جوکسی ”پالیمر“ یا ”لچکدارپلاسٹک“ سے بنائے جائیں گے یہ فون گرنے کی صورت میں ابھریں گے یا پھر پھول جائیں گے اور اسکرین کو ٹوٹنے سے محفوظ رکھیں گے۔ اس عمل کو ممکن بنانے کے لیے آئی فون کے اگلے ماڈلز میں اسیلیرومیٹر، جائروسکوپ اور بلندی سے گرنے کو محسوس کرنے والا سینسر لگایا جائے گا۔ ایپل کے مطابق آئی فون کے کیمرے اور آڈیو سسٹم کو بھی اس کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جب کہ ان بمپر کو چلانے کے لیے چھوٹی موٹریں بھی لگائی جائیں گی۔ اگرچہ آئی فون 6 ایس کے اسکرین پر گوریلا گلاس اور مضبوط المونیم کا چیسس بنایا گیا ہے لیکن اب بھی اسکرین کو سب سے نازک اور کمزور حصہ قرار دیا جاسکتا ہے۔