اسلام آباد (نیوز ڈیسک)لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع ایک نجی ہوٹل میں آگ لگنے کے واقعے کے دوران ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 180 افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق حادثے میں ہوٹل کا ایک ملازم عمران جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش ریسکیو اہلکاروں نے نکال لی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ریسکیو اور انخلا کے پورے عمل کی براہ راست نگرانی کی۔ انہوں نے سیف سٹی کے ڈرون سسٹم کے ذریعے ریسکیو آپریشن مانیٹر کیا، جہاں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امدادی ٹیموں کو مؤثر مدد فراہم کی گئی۔
ابتدائی معلومات کے مطابق گلبرگ کے اس ہوٹل کی بیسمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کے وقت ہوٹل میں ایک نجی کالج کی تقریب جاری تھی۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ ممکنہ طور پر بیسمنٹ میں موجود بوائلر پھٹنے کے باعث لگی، جبکہ وہاں الیکٹریکل وائرنگ اور کھڑی گاڑیاں بھی موجود تھیں۔ تاحال بیسمنٹ میں آگ پر مکمل قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ریسکیو 1122 کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزیر فیصل کھوکھر، چیف سیکریٹری، ڈی جی ایل ڈی اے اور ڈپٹی کمشنر بھی موقع پر موجود رہے۔ ریسکیو حکام اس وقت عمارت کی مکمل انسپکشن کر رہے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ 180 افراد کا محفوظ رہنا محض اتفاق نہیں بلکہ سیف پنجاب وژن، فعال ہائیڈرنٹ سسٹم اور بروقت ریسکیو کارروائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اسے حکومت اور ریسکیو اداروں کی بڑی کامیابی قرار دیا۔وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ڈرون کیمروں سے حاصل کی گئی ویڈیو بھی شیئر کی، جس میں گلبرگ ہوٹل میں لگنے والی آگ اور ریسکیو آپریشن کی براہ راست نگرانی دکھائی گئی ہے۔ ان کے مطابق سیف سٹی کے ڈرون کیمروں نے امدادی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کیا۔















































