کراچی(نیوزڈیسک) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کی جانب سے اب کراچی میں بھی گاڑیوں کی رجسٹریشن کانیا نظام متعارف کروانے کے بارے میں غور شروع کر دیا گیا ہے، محکمہ ایکسائز میں ایک اعلی افسر کے پی ایس نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ محکمہ ایکسائز میں اب گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے نیا اسمارٹ رجسٹریشن کارڈ جاری کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جدید سسٹم کا اجرا اسلام آباد میں شروع ہو گیا ہے اور اب دو ماہ کے اندر اسے کراچی میں بھی متعارف کر وایا جا رہا ہے، جس میں گاڑی اور اس کے مالک دونوں سے متعلق معلومات ہوں گی، نئے قومی شناختی کارڈ کی طرف وہیکل رجسٹریشن کارڈ میں بھی سم موڈیول کی طرح ایک چپ نصب ہوگی جس میں گاڑی اور مالک سے متعلق تمام ضروری معلومات ہوں گی۔ چپ کے باہر کارڈ پر بھی گاڑی اور مالک کے بارے میں کچھ بنیادی معلومات درج ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے اسمارٹ کارڈ کے آنے سے ڈیٹا کی اضافی حفاظت اور غیرمتعلقہ لوگوں کی طرف سے چھیڑچھاڑکی حوصلہ شکنی ہوگی۔