اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گوگل نے اپنے مقبول ویب براؤزر کروم کے لیے ایک نہایت اہم سکیورٹی اپ ڈیٹ جاری کر دی ہے اور صارفین کو فوری طور پر براؤزر کو اپ ڈیٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔کمپنی کے مطابق حالیہ اپ ڈیٹ میں کروم میں پائی جانے والی کئی ایسی سکیورٹی خامیوں کو دور کیا گیا ہے جنہیں سائبر حملہ آور صارفین کو نقصان پہنچانے کے لیے استعمال کر سکتے تھے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ حالیہ کروم ورژنز میں متعدد کمزوریاں سامنے آئی تھیں، جن کے تدارک کے لیے یہ اپ ڈیٹ متعارف کرائی گئی ہے۔اگرچہ گوگل نے ان سکیورٹی مسائل کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم اس نے اس بات کی تصدیق ضرور کی ہے کہ بعض خامیاں انتہائی حساس نوعیت کی تھیں اور ان سے صارفین کے ڈیٹا اور سکیورٹی کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔واضح رہے کہ گوگل کروم دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والا ویب براؤزر ہے، اسی وجہ سے اسے سائبر حملوں کا بھی زیادہ سامنا رہتا ہے۔ عموماً کروم خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جاتا ہے، لیکن صارفین کو چاہیے کہ وہ خود بھی اپ ڈیٹ کی تصدیق کر لیں۔
براؤزر کی اپ ڈیٹ جانچنے کے لیے تھری ڈاٹس مینو پر جا کر سیٹنگز کھولیں، وہاں ’’اباؤٹ کروم‘‘ کے آپشن پر کلک کریں۔ اگر نیا ورژن دستیاب ہوگا تو اپ ڈیٹ خود بخود شروع ہو جائے گی، جس کے بعد صرف براؤزر کو ری لانچ کرنا ہوگا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی سکیورٹی خامیوں کو نظرانداز کرنا صارفین کے لیے بڑے نقصان کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے بروقت اپ ڈیٹ نہایت ضروری ہے۔















































