اسلام آباد (این این آئی)مخصوص نشستوں پر بحال ہونے والے ارکانِ قومی اسمبلی کو ایک سال سے زائد عرصے کی بقایا تنخواہیں ادا کر دی گئی ہیں۔ ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق تنخواہیں وصول کرنے والوں میں 16خواتین اور 3اقلیتی ارکانِ قومی اسمبلی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق بحال ارکانِ اسمبلی کو 13ماہ اور 19دن کی تنخواہوں کی مد میںمجموعی طور پر تقریبا 6کروڑ روپے ادا کئے گئے ہیں، ہر رکن کو اوسطا 33لاکھ روپے کی تنخواہ ملی ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق یہ ادائیگیاں وزارتِ قانون کی رائے حاصل کرنے کے بعد کی گئیں۔ تاہم بقایا تنخواہوں پر بھاری ٹیکس بھی عائد کیا گیا، جس کے تحت 35 فیصد انکم ٹیکس اور 9 فیصد سرچارج وصول کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ارکان کی تنخواہوں سے مجموعی طور پر 4کروڑ 32لاکھ روپے ٹیکس کاٹا گیا جبکہ بقایا تنخواہوں پر 24لاکھ روپے کی کٹوتی بھی کی گئی۔















































