اسلام آباد (نیوز ڈیسک )ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قریبی اور سینئر مشیر علی شمخانی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ ریمارکس پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔علی شمخانی کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم امریکا کی نام نہاد ’’مدد‘‘ یا ’’نجات‘‘ کے دعوؤں سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے عراق، افغانستان اور غزہ میں امریکی کردار اور اس کے نتائج اپنی آنکھوں سے دیکھے ہیں، جنہیں کسی صورت فلاح یا بچاؤ سے تعبیر نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے سخت الفاظ میں خبردار کیا کہ ایران کی سلامتی کو نشانہ بنانے والی کسی بھی قوت کا ہاتھ، چاہے وہ کسی بھی جواز کے تحت آگے بڑھے، اپنے مقصد تک پہنچنے سے پہلے ہی روک دیا جائے گا۔
سینئر ایرانی مشیر نے مزید کہا کہ اگر ایران کے خلاف کسی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا ایسا سخت اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا جو حملہ آور کو شدید ندامت میں مبتلا کر دے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ایران کی قومی خودمختاری اور سلامتی ناقابلِ سمجھوتہ ہیں اور ان پر کوئی بھی سودے بازی ممکن نہیں۔ علی شمخانی نے واضح کیا کہ خطہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی یا اشتعال انگیز بیانات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے اندر جاری حالات اور واشنگٹن کی جانب سے دیے گئے بیانات کے باعث خطے میں تناؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔















































