واشنگٹن (نیوز ڈیسک) اوباما انتظامیہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی خواہاں ہے اور اسی کوشش میں وزیراعظم نواز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان آئندہ ماہ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ملاقات کا امکان ہے۔ سفارتی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں آئندہ ماہ ماحولیات کے حوالے سے پیرس میں اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں پاکستان اور بھارت کے وزیراعظم موجود ہوں گے۔جنگ رپورٹر صالح ظافر کے مطابق کانفرنس 29 نومبر کو شروع ہوگی اور 11 دسمبر تک جاری رہے گی لیکن وزیراعظم نواز شریف، نریندر مودی، صدر اوباما، چینی صدر شی جن پنگ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور دیگر اہم رہنما 30 نومبر کو اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے تمام ملکوں کو دعوت نامے بھجوا دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر بارک اوباما ذاتی طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی بحالی میں دلچسپی لے رہے ہیں اور اس کیلئے انہوں نے وزیر خارجہ جان کیری کو ذمہ داری دی ہے کہ وہ اپنی کوششیں تیز کر دیں، جس کے بعد جان کیری نے اسلام آباد اور نئی دہلی میں اپنے رابطے تیز کر دیئے ہیں۔ پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی آئندہ ہفتے امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کریں گے اور اسی طرح بھارتی سفیر ارون سنگھ سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے۔ یہ تیسری مرتبہ ہے کہ پاکستان نے بھارت کی شرائط پر مذاکرات کی بحالی سے انکار کیا ہے اور اب دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکا نے نئی دہلی سے کہا ہے وہ پاکستان کے ساتھ اپنے مسائل بشمول کشمیر تنازع پرامن طریقے سے حل کرے۔