اسلام آ باد (نیوز ڈیسک) معروف صحافی، کالم نگار اور اینکر پرسن جاوید چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ فیض حمید کے دور میں لوگوں کو اٹھا کر سرد خانے میں مُردوں کے ساتھ بند کر دیا جاتا تھا۔
جاوید چوہدری کا اپنے وی لاگ میں کہنا تھا کہ فیض حمید جس کے بارے میں کہتے تھے اسے اٹھا لیا جاتا تھا اور 24 گھنٹوں کے لیے مُردوں کے ساتھ سرد خانے میں بند کر دیا جاتا تھا۔ ان لوگوں کا بول و براز بھی وہیں نکل جاتا تھا اور لوگوں کو محسوس ہوتا تھا کہ وہ وہیں فوت ہو گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فیض حمید جس کو چاہتے تھے اس کو چھوڑ دیا جاتا تھا اور یہ لرزہ خیز واقعات انہیں بہت سے لوگوں نے سنائے۔
ان کے مطابق وزراء کا فیصلہ بھی وہی کرتے تھے کہ کس وزیر نے کس وزارت میں رہنا ہے اور کس وزیر کو عہدے سے فارغ کرنا ہے اور کوئی وزیر بات کرتا تھا تو اسے کہتے تھے کہ آپ اس معاملے سے دور رہیں کیونکہ ان کو برا لگتا تھا کہ کوئی اور میرے ہوتے ہوئے معاملات طے کرنے کی کوشش کیسے کر رہا ہے۔















































