کراچی (این این آئی)نئے مالی سال میں یکم جولائی سے مقامی ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس بڑھنے کا امکان ہے۔آئی ایم ایف نے یکم جولائی سے لوکل مینوفیکچرڈ ہائبرڈ گاڑیوں اور بائیکس پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، اور کہا ہے کہ آئندہ مالی سال سے ٹیکس چھوٹ ختم کر کے 18 فی صد اسٹینڈرڈ شرح کے مطابق سیلز ٹیکس عائد کیا جائے۔مقامی سطح پر تیار ہائبرڈ گاڑیوں کو سیلز ٹیکس کے آٹھویں شیڈول کے تحت ٹیکس چھوٹ حاصل ہے، لوکل مینوفیکچرڈ ہائبرڈ الیکٹریکل گاڑیوں اور بائیکس پر آئندہ مالی سال سے سیلز ٹیکس چھوٹ ختم ہو جائے گی۔
سرکاری دستاویز کے مطابق لوکل مینوفیکچرڈ ہائبرڈ الیکٹریکل وہیکل پر 30 جون 2026 تک سیلز ٹیکس چھوٹ حاصل ہے، 1800 سی سی تک مقامی سطح پر تیار کی گئی ہائبرڈ الیکٹریکل وہیکل پر 8.5 فی صد سیلز ٹیکس عائد ہے، 1801 سے لے کر 2500 سی سی تک لوکل مینوفیکچرڈ ہائبرڈ الیکٹریکل گاڑیوں پر 12.75 فی صد سیلز ٹیکس ہے۔یاد رہے کہ وزارت صنعت و پیداوار کی بات چیت کے دوران مانیٹری فنڈ نے سیلز ٹیکس چھوٹ ختم کرنے کا مطالبہ کیا، اور مطالبہ کیا ہے کہ لوکل مینوفیکچرڈ وہیکلز کو سیلز ٹیکس کے آٹھویں شیڈول سے نکال کر نارمل رجیم میں شامل کیا جائے۔















































