اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے پولیس کے کانسٹیبل راؤ شریف کی جانب سے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کرنے پر انہیں ایک لاکھ روپے نقد انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیرِ ریلوے نے واضح کیا کہ وہ یہ انعامی رقم اپنی جیب سے ادا کریں گے تاکہ فرض شناس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔کانسٹیبل راؤ شریف کو دورانِ ڈیوٹی ٹرین سے پیسوں سے بھرا ایک بیگ ملا تھا، جس میں 38 لاکھ روپے کی خطیر رقم موجود تھی۔
مذکورہ بیگ کراچی کے ایک تاجر محسن کا تھا، جسے راؤ شریف نے مکمل دیانتداری کے ساتھ اصل مالک کو ڈھونڈ کر روہڑی اسٹیشن پر اس کے حوالے کر دیا۔وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے کانسٹیبل راؤ شریف کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ راؤ شریف جیسے ایماندار اور فرض شناس لوگ ہی ریلوے کا اصل چہرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمانداری اور فرض شناسی ریاستی اداروں کی اصل طاقت ہوتی ہے اور ایسے اقدامات سے سرکاری اداروں پر عوام کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔















































