نئی دہلی (این این آئی)کروڑوں روپے لینے والے بھارتی سپر اسٹار کرکٹرز ویرات کوہلی اور روہت شرما ہزاروں روپے معاوضے پر کھیلنے لگے۔دونوں سینئر کرکٹرز اگرچہ ٹیسٹ اور ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، تاہم ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ اب بھی کھیل رہے ہیں۔دونوں کرکٹرز بی سی سی آئی سے کروڑوں روپے معاوضہ لیتے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اب یہ دونوں کرکٹرز کروڑوں نہیں بلکہ چند ہزار کے معاوضے پر کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
جی ہاں بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب کپتانوں میں سے ایک روہت شرما اور تاریخ ساز بلے باز ویرات کوہلی ان دنوں انڈین ڈومیسٹک ون ڈے کرکٹ ”وجے ہزارے ٹرافی ٹورنامنٹ” کھیل رہے ہیں اور وہاں انہیں صرف چند ہزار روپے معاوضہ دیا جا رہا ہے۔ویرات کوہلی وجے ہزارے ٹرافی میں دہلی اور روہت شرما ممبئی کی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ دونوں کرکٹرز کو ٹرافی کی طے شدہ فی شیڈول کے مطابق فی میچ 60 ہزار روپے معاوضہ دیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ اِنہیں یومیہ الاؤنس، سفر، کھانے اور رہائش کے اخراجات، انعامی رقم، پرفارمنس بونس، مین آف دی میچ ایوارڈ ملنے پر عام طور پر 10 ہزار روپے ادا کیے جاتے ہیں۔















































