اسلام آباد(این این آئی)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)اسلام آباد نے خاتون کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی کرکے ڈیٹا چوری کرنے اور پھر نازیبا تصاویر کے ذریعے بلیک میل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔حکام کے مطابق این سی سی آئی اے اسلام آباد کو خاتون نے شکایت کی کہ ملزم رضوان اللہ نے غیر قانونی طور پر ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی کی اور ڈیٹا چوری کیا، بعدازاں قابل اعتراض تصاویر واٹس ایپ کے ذریعے ڈسپلے کیں۔
خاتون کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے انکوائری کی تو الزامات درست معلوم ہوئے، جس پر انوسٹی گیشن آفیسر سب انسپکٹر مصباح بتول کی سربراہی میں این سی سی آئی اے کی ٹیم نے ملزم کو چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔حکام نے بتایاکہ ملزم نے خاتون کو موبائل فون کے ذریعے دھمکیاں بھی دیں اور رقم نہ دینے کی صورت میں تصاویر وائرل کرنے کا کہتے ہوئے بلیک میل بھی کیا۔مزید بتایا گیا کہ ملزم کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون کی تکنیکی تجزیاتی رپورٹ میں بھی جرم کے ناقابل تردید ثبوت برآمد ہوئے، جس پر ملزم کے خلاف پیکا ایکٹ 2016کی دفعات 21اور 24کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیا اور ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔















































