اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) بھارت میں ایک افسوسناک واقعے میں ایک شخص نے بدگمانی کے باعث اپنی اہلیہ کو بچوں کے سامنے زندہ نذرِ آتش کر دیا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ المناک واقعہ حیدرآباد دکن میں پیش آیا، جہاں وینکٹیش نامی شخص نے اپنی بیوی تروینی پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعے کے وقت دونوں کے بچے بھی گھر میں موجود تھے۔رپورٹس کے مطابق وینکٹیش اور تروینی نے اپنی مرضی سے شادی کی تھی اور ان کے دو بچے ہیں۔ شوہر کو بیوی پر بے جا شک تھا جس کے باعث دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے رہتے تھے۔
انہی تنازعات سے دل برداشتہ ہو کر تروینی کچھ عرصہ پہلے اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی، تاہم وینکٹیش نے بعد میں اسے واپس گھر آنے پر راضی کر لیا تھا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چند دن بعد دونوں کے درمیان ایک بار پھر تلخ کلامی ہوئی جو اس قدر شدت اختیار کر گئی کہ وینکٹیش نے انتہائی سنگدلانہ اقدام اٹھاتے ہوئے بیوی کو آگ کے حوالے کر دیا۔ اس دوران بیٹی نے ماں کو بچانے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے بھی دھکیل کر آگ کے قریب کر دیا، جس سے وہ زخمی ہو گئی۔
گھر سے چیخ و پکار سن کر پڑوسی موقع پر پہنچے اور ماں بیٹی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم تروینی شدید جھلسنے کے باعث جانبر نہ ہو سکی جبکہ بچی زخمی حالت میں زیرِ علاج ہے۔واقعے کے بعد وینکٹیش فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے مسلسل کارروائی کے بعد تقریباً 12 گھنٹوں میں اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔















































