اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف تاجر عارف حبیب نے قومی ائیرلائن پی آئی اے کے حصول کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ملکی معیشت کو تقویت ملے گی بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوگا اور وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کی جانب متوجہ ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق عارف حبیب کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل حکومت نے نہایت شفاف انداز میں مکمل کیا، جو ایک خوش آئند قدم ہے۔
ان کے مطابق اس پیش رفت سے پاکستان کے لیے مثبت پیغام گیا ہے اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دن پاکستان کے لیے کامیابی کا مظہر ہے اور اب پی آئی اے کے حالات میں بہتری آئے گی۔ ان کے مطابق ابتدائی مرحلے میں فعال طیاروں کی تعداد بڑھا کر 38 کی جائے گی، جبکہ آنے والے وقت میں اسے 65 تک لے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔عارف حبیب نے یقین دلایا کہ پی آئی اے کے ملازمین کو اعتماد میں لیا جائے گا اور ادارے میں استحکام کے ساتھ ساتھ نئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے، جس سے مجموعی طور پر ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔















































