اسلام آباد (نیوز ڈیسک)متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں دنیا کا سب سے بلند ہوٹل سیل دبئی مرینا باضابطہ طور پر عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ یہ شاہکار عمارت دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کا استقبال کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔یہ ہوٹل دبئی مرینا، پام جمیرا اور عربین گلف کے دلکش نظاروں کو چاروں طرف سے دیکھنے کی منفرد سہولت فراہم کرتا ہے، جس کی بدولت اسے شہر کی نمایاں ترین تعمیرات میں شامل کیا جا رہا ہے۔1,236.88 فٹ کی ناقابلِ یقین اونچائی کے ساتھ یہ عمارت عالمی ریکارڈ میں دنیا کے بلند ترین ہوٹل کے طور پر درج ہو چکی ہے۔ اس کا ڈیزائن برطانیہ کے معروف آرکیٹیکٹ گروپ NORR نے تیار کیا۔
پروجیکٹ کے ڈویلپر “فرسٹ گروپ” کے سی ای او رابرٹ برنز کا کہنا ہے کہ ابتدا میں اسے دنیا کا بلند ترین ہوٹل بنانے کا ارادہ نہیں تھا، لیکن عمارت مکمل ہونے کے بعد یہ اعزاز خود ہی اس کے نام ہو گیا۔انتظامیہ نے ہوٹل کے افتتاح کی خبر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ:“ہم آج بڑے فخر کے ساتھ دنیا کے سب سے بلند ہوٹل کے افتتاح کا اعلان کرتے ہیں۔ یہ عمارت نہ صرف دبئی مرینا کی نئی شناخت بنے گی بلکہ جدت، لگن اور خوابوں کی تعبیر کی علامت بھی ہے۔”سیل دبئی مرینا کو دبئی کی تیز رفتار ترقی، شاندار طرزِ تعمیر اور جدید طرزِ زندگی کی ایک نئی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔















































