پشاور(نیوزڈیسک)محرم الحرام،خیبر پختونخوامیں نئی تاریخ رقم ہوگئی، خیبر پختونخوا پولیس نے پہلی مرتبہ وہیکل سکیورٹی سسٹم متعارف کروا دیا ہے۔ محرم الحرام کے دوران تجرباتی طور پر دو گاڑیوں کے ذریعے جلوسوں کی نگرانی کی گئی۔ وی ایس ایس نامی اس گاڑی میں چار کیمرے نصب ہیں جن میں سے دو گاڑی کے اندر اور دو باہر لگائے گئے ہیں۔دو سو سے ڈھائی میٹر کی رینج تک کوریج کرنے والے ان کیمروں میں ایک تھرمل امیج یعنی جسم کو اسکین کرنے والا کیمرہ بھی شامل ہے۔ مانیٹرنگ کے لئے گاڑی کے اندر چار اسکرینز لگائی گئی ہیں۔ گاڑی کی چھت پر لگا کیمرہ پچیس فٹ تک اوپر جا سکتا ہے جبکہ یہ متحرک کیمرے جلوس کے علاوہ اونچی عمارتوں اور چھتوں کی کوریج کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔اس گاڑی میں نصب یہ تمام سسٹم آن لائن ہے اور مین کنٹرول روم کے ساتھ منسلک ہے۔ وہیکل سیکیورٹی سسٹم کو نہ صرف محرم کے جلوسوں بلکہ سیاسی جلسوں میں بھی سیکیورٹی کے لئے استعمال کیا جا سکے گا۔ وہیکل سکیورٹی سسٹم جدید ٹیکنالوجی کا شاہکار ہے جسے خیبر پختونخوا پولیس کے سکیورٹی نظام میں ایک بہترین اور مفید اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔