اسلام آباد – وفاقی حکومت نے سونے کی درآمد و برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق کابینہ کی منظوری کے بعد وزارتِ تجارت نے پابندی ہٹانے کا اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سونے کی عالمی تجارت سے متعلق وہ ایس آر او، جو کچھ عرصہ قبل معطل کیا گیا تھا، دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے قیمتی دھاتوں اور زیورات کی درآمد و برآمد کے قواعد میں چند ترامیم بھی کی ہیں۔ تاہم، درآمد اور برآمد کا موجودہ فریم ورک برقرار رہے گا، البتہ نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے خودکار طریقہ کار میں بہتری لائی جائے گی۔















































