لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں غیر محفوظ اور غیر معیاری ادویات کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔
چیف ڈرگ کنٹرولر پنجاب نے تمام میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیوں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ فوری طور پر ان ادویات کی فروخت روک دیں، جبکہ ڈرگ انسپکٹرز کو مشکوک ادویات کا موجودہ اسٹاک قبضے میں لینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیکٹیریل انفیکشن کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا فلیجل کو بھی غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔
اسی طرح مختلف بیماریوں کے درد کم کرنے کے لیے دیے جانے والے انجیکشن ٹراماڈول کو مضرِ صحت قرار دے دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں آئی وی کینولا اور بیکٹیریل انفیکشن کے لیے استعمال ہونے والا انجیکشن میٹرونیڈازل بھی معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے ناقابلِ استعمال قرار دیے گئے ہیں۔
ادھر کراچی میں کسٹمز حکام نے غیر رجسٹرڈ درد کش ادویات کی سات کھیپیں (بیچز) ضبط کر لی ہیں، جس کے بعد ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے بھی ان مخصوص سات بیچز کے استعمال پر مکمل پابندی لگا دی ہے۔















































