بیجنگ(این این آئی)مشرقی چینی شہر نِنگبو ایسے جوڑوں کے لیے شادی کے اخراجات کے نقد واچر جاری کرے گا جو 28 اکتوبر سے 31 دسمبر کے درمیان اپنی شادی رجسٹر کروائیں گے۔ جیسا کہ چینی حکام نوجوان جوڑوں کو شادی اور بچے پیدا کرنے کی ترغیب دینے کے لیے کوششیں تیز کر رہے ہیں تو یہ اقدام اسی سلسلے میں ہے۔چین میں گذشتہ سال شادیوں میں بیس فیصد کمی آئی جو ریکارڈ کے مطابق سب سے بڑی کمی ہے۔ شادی کرنے اور خاندان شروع کرنے میں دلچسپی میں کمی کے لیے طویل عرصے سے بچوں کی نگہداشت اور تعلیم کے زیادہ اخراجات کو موردِ الزام قرار دیا جاتا رہا ہے۔
ننگبو کے محکمہ شہری امور نے اکتوبر کے آخر میں اپنے باضابطہ وی چیٹ پر کہا کہ نوبیاہتا افراد شادی کے اخراجات کے لیے آٹھ واچر حاصل کر سکتے ہیں جن کی کل مالیت 1,000 یوآن ہے۔بیان میں کہا گیا کہ واچرز کو شادی کی فوٹو گرافی، تقریبات اور جشن، ہوٹل کی رہائش، خوردہ خریداری اور شادی سے متعلق دیگر معاملات سمیت مختلف امور پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔واچرز محدود تعداد میں ہیں اور پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر تقسیم کیے جائیں گے، محکمے نے کہاکہ ایسے ہی اقدامات مشرقی شہروں جیسے ہانگژو اور پِنگھو میں بھی نافذ کیے گئے ہیں جنہوں نے کہا ہے کہ سال کے آخر تک کیش واچرز پیش کیے جائیں گے۔چینی حکام کے لیے شادی اور بچے کی پیدائش میں دلچسپی بڑھانا ایک اہم تشویش ہے۔
چین کی آبادی 1.4 بلین کے ساتھ دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے اور ملک تیزی سے بوڑھا ہو رہا ہے۔گذشتہ سال حکام نے اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے جو اقدامات کیے، ان میں تعلیمی اداروں کو تاکید کی گئی تھی کہ وہ شادی، محبت، افزائشِ اولاد اور خاندان کے بارے میں مثبت خیالات پر زور دینے کے لیے محبت کی تعلیم فراہم کریں۔بیجنگ نے مقامی حکومتوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ آبادی کا بحران حل کرنے کے لیے وسائل کا رخ موڑیں اور صحیح عمر میں شادی اور بچے پیدا کرنے کے احترام کو فروغ دیں۔گذشتہ سال 6.1 ملین سے زیادہ جوڑوں نے شادی کے لیے اندراج کروایا جو ایک سال پہلے 7.68 ملین کی تعداد سے کم تھا۔









































