اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معرکۂ حق میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد بھارت نے اسرائیل سے جدید میزائلوں کی خریداری اور اُن کی مقامی تیاری میں دلچسپی لینا شروع کر دی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی وزارتِ دفاع کے ڈائریکٹر جنرل جنرل (ر) امیر بارام نے گزشتہ ہفتے بھارت کے دفاعی سیکریٹری راجیش کمار سنگھ کے ساتھ دفاعی تعاون بڑھانے کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔بھارتی دفاعی ویب سائٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیلی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ اس معاہدے کے بعد دو طرفہ دفاعی تعلقات میں مزید پیش رفت ہوئی ہے اور بھارت کی وزارتِ دفاع کا ایک اعلیٰ سطحی وفد حال ہی میں اسرائیل پہنچا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس دورے کا مقصد ان معاہدوں کو آگے بڑھانا تھا جن کے تحت بھارت اسرائیلی کمپنی آئی اے آئی کے ایئر لانگ رینج آرٹلری (Air LORA) بیلسٹک میزائل اور رافیل ایڈوانسڈ ڈیفنس سسٹمز کے آئس بریکر کروز میزائل نہ صرف خرید سکے گا بلکہ انہیں بھارت میں تیار کرنے کی اجازت بھی حاصل ہو گی۔Air LORA میزائل، جو آئی اے آئی نے تیار کیا ہے، دشمن کے فوجی مراکز، میزائل تنصیبات اور ایئر ڈیفنس سسٹمز کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ 400 کلومیٹر تک مار کرنے والا یہ میزائل 1600 کلوگرام وزنی ہے اور سپرسونک رفتار سے پرواز کرتا ہے۔یاد رہے کہ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ (SIPRI) کے مطابق بھارت اس وقت اسرائیلی دفاعی ساز و سامان کا سب سے بڑا خریدار ہے، اور 2020 سے 2024 کے دوران اسرائیل کی مجموعی دفاعی برآمدات کا تقریباً 34 فیصد حصہ بھارت کو گیا۔















































