لاہور( این این آئی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حید رنے ذاتی وجوہات کی بناء پر معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی درخواست ضمانت پر سماعت سے معذرت کر لی۔جسٹس فاروق حیدر نے درخواست ضمانت کو کسی دوسرے بنچ کو بھجوانے کی سفارش کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو ارسال کر دی ۔
عدالت نے نیشنل کرائم اینڈ سائبر انویسٹی گیشن ایجنسی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر رکھا تھا۔سماعت کے موقع پر ڈکی بھائی کی جانب سے ایڈووکیٹ عمران رضا چدھڑ پیش ہوئے جبکہ گرفتار یوٹیوبر کی اہلیہ عروب جتوئی بھی عدالت میں موجود رہیں۔وفاقی حکومت کی جانب سے اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سردار امیر حمزہ ڈوگر نے اپنا موقف پیش کیا۔درخواستِ ضمانت میں ڈکی بھائی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان پر عائد الزامات بے بنیاد ہیں، اورکوئی ٹھوس شواہد نہیں اس لئے اس کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت منظور کی جائے ۔















































