اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سندھ میں ٹماٹر کی نئی فصل مارکیٹ میں آنے کے بعد اس کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔پندرہ روز پہلے تک کراچی میں ٹماٹر 500 روپے فی کلو فروخت ہو رہا تھا، تاہم اب قیمت کم ہو کر صرف 50 روپے فی کلو رہ گئی ہے۔کوئٹہ کی فصل ختم ہونے اور سندھ کی فصل شروع ہونے کے درمیانی وقفے میں تقریباً ایک ماہ تک مارکیٹ میں ایرانی ٹماٹر دستیاب رہا، مگر محدود سپلائی کی وجہ سے قیمتیں آسمان کو چھو گئیں۔
اب جبکہ سندھ سے ٹماٹر کی فراہمی میں اضافہ ہوا ہے، منڈیوں میں 14 کلو کی پیٹی 600 روپے تک میں فروخت ہو رہی ہے، جس میں کسان کو صرف 100 روپے مل رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جیسے جیسے سپلائی بڑھے گی، کسان کا حصہ مزید کم ہونے کا خدشہ ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ کسانوں کو اس معاشی دباؤ سے نکالنے کا واحد حل ویلیو ایڈیشن یعنی مصنوعات میں قدر اضافہ ہے۔ ان کے مطابق اگر حکومت واقعی برآمدات بڑھانا چاہتی ہے تو پیداوار سے صارف تک سپلائی چین کے ہر مرحلے پر توجہ دینا ہوگی۔یاد رہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ سال “اڑانِ پاکستان” کے نام سے ایک منصوبہ متعارف کرایا تھا، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اب تک اس بات کی کوئی واضح حکمتِ عملی سامنے نہیں آئی کہ متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اس سپلائی چین کا حصہ کس طرح بنایا جائے گا۔















































