امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک سمیت ملک بھر کے دو درجن سے زائد ارب پتیوں کی مخالفت کے باوجود 34 سالہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار زہران ممدانی نیویارک کے نئے میئر منتخب ہوگئے۔
زہران ممدانی 1991 میں یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد معروف بھارتی نژاد محقق محمود ممدانی اور والدہ معروف فلم ساز میرا نائر ہیں۔ والد کی کولمبیا یونیورسٹی میں ملازمت کے بعد ان کا خاندان نیویارک منتقل ہوا، اس وقت زہران کی عمر صرف سات سال تھی۔
زہران ممدانی کے اثاثے اور مالی حیثیت
رپورٹ کے مطابق، فوربز افریقا نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ زہران ممدانی کے پاس انتہائی محدود اثاثے ہیں۔ وہ یکم جنوری 2026 کو نیویارک کے میئر کا عہدہ سنبھالیں گے، جس کے بعد ان کی سالانہ تنخواہ 2 لاکھ 60 ہزار ڈالر ہوگی۔ فی الحال بطور رکن ریاستی اسمبلی وہ ایک لاکھ 42 ہزار ڈالر سالانہ تنخواہ لے رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ممدانی بطور ہپ ہاپ فنکار ’مسٹر کارڈیمم‘ کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں اور اپنے میوزک رائلٹیز سے تقریباً ایک ہزار ڈالر سالانہ کماتے ہیں۔
وہ اس وقت نیویارک کے علاقے اسٹوریا (کوئنز کاؤنٹی) میں ایک کرائے کے فلیٹ میں رہائش پذیر ہیں اور 2,250 ڈالر ماہانہ کرایہ ادا کرتے ہیں۔ اگر وہ میئر کی سرکاری رہائش گاہ گریسی مینشن میں منتقل ہونے کا فیصلہ کرتے ہیں تو وہ ہر ماہ یہ اخراجات بچا سکیں گے۔
جائیداد اور دیگر اثاثے
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ زہران ممدانی کے اثاثوں میں یوگنڈا کے شہر جنجا میں واقع چار ایکڑ زمین شامل ہے، جس کی مالیت ڈیڑھ سے ڈھائی لاکھ ڈالر کے درمیان ہے۔ تاہم اس جائیداد کے بارے میں واضح نہیں کہ اسے خریدا گیا تھا یا بطور تحفہ حاصل کیا گیا۔
فوربز کا کہنا ہے کہ اگر ممدانی کے اثاثوں کا موازنہ ان کے انتخابی حریف سابق گورنر اینڈریو کومو سے کیا جائے تو کومو ان سے تقریباً 50 گنا زیادہ دولت مند ہیں۔ ممدانی کے اثاثوں کی کل مالیت 2 لاکھ ڈالر ہے جبکہ کومو کے اثاثے 10 ملین ڈالر تک پہنچتے ہیں۔
زہران ممدانی کے والدین کی مالی حیثیت
زہران کے والدین دونوں ہارورڈ یونیورسٹی کے تعلیم یافتہ ہیں۔ ان کے والد محمود ممدانی ایک معروف اسکالر اور کولمبیا یونیورسٹی کے پروفیسر ہیں جنہوں نے سات کتب تحریر کی ہیں۔
کولمبیا کی اکیڈمک رپورٹس کے مطابق، یونیورسٹی پروفیسروں کی اوسط آمدنی کے حساب سے وہ سالانہ 2 لاکھ سے 3 لاکھ ڈالر کماتے ہیں۔
یوں زہران ممدانی کی کامیابی دولت یا سیاسی اثرورسوخ سے زیادہ، ایک نچلے طبقے کے نظریاتی پس منظر اور سوشلسٹ سوچ کی عکاسی کرتی ہے، جس نے انہیں نیویارک کے عوام میں غیر معمولی مقبولیت دلائی۔
ظہران ممدانی کے اثاثے کتنے ہیں؟
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں















































