لاہو(نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اگر سپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب متفقہ طور پر کیا جائے تو اسے چاہئے کہ وہ کسی پارٹی کے نمائندے کے طور پر سامنے نہ آئے، اس سلسلے میں تمام پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے تاکہ سپیکر منتخب ہونے والی شخصیت اعتماد کے ساتھ کام کر سکے۔ پارٹی رہنماﺅں سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ یہ عہدہ پارٹی سیاست سے مبرّا ہونا چاہئے تاکہ تمام ارکان اسمبلی کا ان پر اعتماد ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہاﺅس کو کامیاب طریقے سے چلانے کیلئے سپیکر کو صبروتحمل کا متحمل ہونا چاہئے اور تمام ارکان کو مناسب وقت دیا جائے تاکہ وہ اپنے حلقے اور قومی ایشوز پر کھل کر بات کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں سپیکر قومی اسمبلی بڑی اہمیت کا حامل ہوتا ہے اس کے فیصلے ملکی تاریخ مرتب کرتے ہیں لہٰذا تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت کے بعد سپیکر قومی اسمبلی کا انتخاب کیا جائے تو بہتر ہے۔