لاہور/دبئ(نیوزڈیسک)پنجاب پولیس کی اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم مختلف مسالک کے رہنماﺅں سمیت اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث اور پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنے والے کالعدم تنظیم کے 5دہشتگردوں کو انٹر پول کی مدد سے دبئی سے گرفتار کر کے وطن واپس پہنچ گئی ،گرفتار دہشتگردوں کی طرف سے اعلیٰ حکومتی شخصیات اوراراکین اسمبلی کوٹارگٹ کرنے سمیت ملک میں دہشتگردی کی دیگر کارروائیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ایس ایس پی سی آئی اے عمر ورک کی سربراہی پولیس افسران کی پانچ رکنی خصوصی ٹیم گزشتہ روز دبئی پہنچی تھی جہاں انٹر پول حکام نے مختلف مسالک کے مذہبی رہنماﺅں اوراہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم کے 5دہشت گردوں کوحوالے کیا ۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد وں میں ہارون بھٹی، احمدیار،ایاز، غلام مصطفے اورطارق نوازشامل ہیںجن پر ڈاکٹر علی حیدر ،شمس معاویہ ،علامہ ناصر عباس نقوی سمیت دیگر اہم شخصیات کی ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات درج ہیں۔ پولیس کی اعلیٰ ٹیم گرفتار دہشتگردوں کو خصوصی حفاظتی انتظامات میں پی آئی اے کے طیارے پی کے 204 کے ذریعے لے کر لاہور پہنچ گئی جہاں سے انہیں انتہائی سخت سکیورٹی حصار میں نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ مستقبل میں انہوں نے پاکستان میں اعلیٰ حکومتی شخصیات اور اراکین اسمبلی سمیت دیگر شخصیات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی ۔ گرفتار دہشتگردوں کی طرف سے پاکستان میں موجود اپنے ساتھیوں کے ذریعے لاہور میں یوم عاشور کے موقع پر بھی تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ان انکشافات پرلاہور میں پولیس کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں چھاپوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق اعلیٰ حکومتی شخصیات ، اراکین اسمبلی سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات کو ٹارگٹ کرنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔جبکہ دہشتگرد وں نے امریکی قونصلیٹ سمیت دیگر حساس نوعیت کے مقامات کی بھی ریکی کر رکھی تھی ۔