سنگاپور (نیوز ڈیسک) سنگاپور کے رافلز اسپتال میں بھارتی نژاد نرس ایلیپ شیوا ناگو کو ایک نوجوان تیماردار کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے جرم میں 14 ماہ قید اور کوڑے مارنے کی سزا سنائی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ 18 جون 2025 کو پیش آیا، جب 34 سالہ نرس نے اسپتال کے واش روم میں جراثیم کُش اسپرے کرنے کے بہانے ایک مریض کے تیماردار نوجوان کے ساتھ نازیبا حرکت کی۔ واقعے کے دوران متاثرہ نوجوان حیرت زدہ رہ گیا اور فوراً اپنے دادا، جو اسپتال میں زیرِ علاج تھے، کو اطلاع دی۔
متاثرہ شخص کے اہل خانہ نے واقعے کی شکایت اسپتال انتظامیہ کو دی، جس نے فوری طور پر معاملہ پولیس کے حوالے کر دیا۔ دو روز بعد پولیس نے نرس کو حراست میں لے لیا جبکہ اسپتال نے بھی اسے ملازمت سے برطرف کر دیا۔
عدالت میں استغاثہ نے مؤقف اپنایا کہ نرس کا یہ فعل نہ صرف متاثرہ فرد کے لیے صدمے کا باعث بنا بلکہ اسپتال کے ماحول پر بھی منفی اثر ڈالا، اس لیے اسے سخت سزا دی جانی چاہیے۔
عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ایلیپ شیوا ناگو کو 14 ماہ قید اور جسمانی سزا سناتے ہوئے قرار دیا کہ پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران ایسا رویہ ناقابلِ قبول ہے۔















































