اسلام آباد (نیوز ڈیسک) افغان صحافی سمیع یوسفزئی کے مطابق پاکستان کی جانب سے افغان دارالحکومت کابل میں کیے گئے فضائی حملے کا اصل ہدف غیر ملکی جنگجو تھے، تاہم طالبان حکومت نے اس واقعے کی تفصیلات عام ہونے سے روکنے کے لیے سوشل میڈیا تک رسائی محدود کر دی ہے۔
اپنی ایکس پوسٹ (سابق ٹوئٹر) میں سمیع یوسفزئی نے دعویٰ کیا کہ پاک فضائیہ کی جانب سے کیے گئے اس حملے میں درجنوں افراد ہلاک اور تقریباً 300 زخمی ہوئے۔ ان کے مطابق حملہ شہید گول چکر کے قریب کیا گیا تھا، جہاں ایک آئل ٹینکر کو بھی شدید نقصان پہنچا اور آگ پورے علاقے میں پھیل گئی۔
افغان صحافی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ فضائی کارروائی کا مقصد ان گھروں کو نشانہ بنانا تھا جن میں مبینہ طور پر غیر ملکی جنگجو موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ طالبان انتظامیہ نے اس واقعے کی تفصیلات سامنے آنے سے روکنے کے لیے انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پر پابندیاں عائد کر دی ہیں تاکہ معلومات کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔















































