اسلام آباد(نیوز ڈیسک) بیجنگ: چین نے پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیاتی نمونوں کے تبادلے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان کی سختی سے تردید کی ہے۔
چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق چین اور پاکستان ہر موسم کے اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان قائم آہنی دوستی نے ہمیشہ وقت کی آزمائشوں کو کامیابی سے برداشت کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بیجنگ اور اسلام آباد نے اہم باہمی مفادات اور علاقائی امور پر ہمیشہ قریبی رابطہ اور اعلیٰ سطح کا اسٹریٹیجک اعتماد برقرار رکھا ہے۔
ان کے مطابق چین اور پاکستان، پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنیات کے شعبے میں ممکنہ تعاون سے متعلق مسلسل رابطے میں ہیں۔ پاکستان نے چینی حکام کو یقین دلایا ہے کہ اس کے امریکا کے ساتھ تعلقات چین کے مفادات یا باہمی اشتراکِ عمل پر منفی اثر نہیں ڈالیں گے۔
چینی ترجمان نے وضاحت کی کہ پاکستانی قیادت کی جانب سے امریکی رہنماؤں کو دکھائے گئے نمونے دراصل مقامی مارکیٹ سے خریدے گئے قیمتی پتھر تھے، اور ان سے متعلق گردش کرنے والی رپورٹس من گھڑت اور گمراہ کن معلومات پر مبنی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ یہ خبریں چین اور پاکستان کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش معلوم ہوتی ہیں۔
مزید کہا گیا کہ چین کی جانب سے حالیہ ریئر ارتھ ایکسپورٹ کنٹرول پالیسی کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ اقدامات قومی قوانین کے تحت برآمدی کنٹرول کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کیے گئے ہیں تاکہ عالمی امن، علاقائی استحکام اور بین الاقوامی عدم پھیلاؤ کی ذمہ داریوں کو بہتر طور پر پورا کیا جا سکے۔