نیویارک(نیوز ڈیسک)سائنسدانوں نے انتہائی ہلکا اور لچکدار فوم تیار کیا ہے جس سے بنا پمپ انسانی دل جیسا دکھائی دیتا ہے اور انسانی دل کی طرح دھڑکتا بھی ہے۔اس اہم فوم کو مستقبل میں انسانی اعضا کی تیاری یا پھر انسان نما روبوٹ کی تیاری کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے، اس فوم کو پہلے مائع صورت میں تیار کیا جاتا ہے اور ایک سانچے میں ڈھالا جاسکتا ہے پھر اس میں مائع یا ہوا کے گزرنے کے راستے بنائے جاتے ہیں اور فوم اپنی جسامت سے 3 گنا تک پھیل سکتا ہے تاہم انسانی جسم کے اندر اس کے استعمال کی سرکاری منظوری ابھی باقی ہے جسے اب ”ایلاسٹومر فوم“ کا نام دیا گیا ہے۔یہ فوم نیویارک میں واقع کورنیل یونیورسٹی کے مکینکل انجینیئرنگ ڈپارٹمنٹ نے تیار کیا ہے لیکن ان کا کہنا ہے کہ ابھی منزل بہت دور ہے اور فی الحال اس سے انسانی اعضا نہیں بنائے جاسکتے۔ فوم کے اندر مائع اور ہوا کی نالیاں بنانے کے لیے فوم میں چند نمک ملائے گئے اور پھر خشک ہونے پر فوم سے نمکیات نکال لیے جاتے ہیں۔ ماہرین نے فوم کی بیرونی سطح پر کاربن ریشے اور سلیکون کی تہہ چڑھائی ہے جس سے اس کے مختلف حصے مختلف حساب سے پھیلتے ہیں کیونکہ دل کے مختلف مقامات بھی اپنی اپنی رفتار سے پھیلتے ہیں