ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کی حکومت نے عمرہ زائرین کے لیے پالیسی میں مزید نرمی کرتے ہوئے سہولتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ اب کوئی بھی شخص جو کسی بھی قسم کے ویزے پر مملکت میں داخل ہو، عمرہ ادا کر سکتا ہے۔
ترجمان وزارت کے مطابق، وزٹ، فیملی وزٹ، سیاحتی یا ٹرانزٹ ویزا رکھنے والے افراد بھی عمرہ کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔
وزارتِ حج و عمرہ نے مزید بتایا کہ نسک (Nusuk) پورٹل کو اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے تاکہ زائرین کے لیے عمرہ کی ادائیگی کے عمل کو مزید آسان اور منظم بنایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات سعودی وژن 2030 کے اہداف کا حصہ ہیں، جن کے تحت زائرین کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔